اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: مسلمانو! خوابِ غفلت سے جاگو، رمضان المبارک آچکا ہے، رمضان کے قیمتی اوقات عبادت و ریاضت میں گزاریں: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 4 May 2019

مسلمانو! خوابِ غفلت سے جاگو، رمضان المبارک آچکا ہے، رمضان کے قیمتی اوقات عبادت و ریاضت میں گزاریں: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

محمد فرقان
ــــــــــــــــــــ
بنگلور(آئی این اے نیوز 4/مئی 2019) اللہ تبارک و تعالیٰ کے فضل و عنایات اور رحم و کرم کا موسم بہار رمضان المبارک اللہ کے دربار سے ہمارا مہمان بن کے آپہنچا ہے۔بس کچھ ہی لمحوں میں رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہونے جارہا ہے۔جو لوگ ابھی تک اپنے کاموں میں، دنیاداری میں مصروف تھے وہ خواب غفلت سے جاگ جائیں، کیونکہ رمضان المبارک آچکا ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ جب رمضان المبارک آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اور اسی کے ساتھ شیاطین کو بھی زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔ تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شیطان مسلمانوں کو گناہ کرنے کیلئے نہ بہکائے سکے۔مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک صرف اور صرف عبادت و ریاضت کا مہینہ ہے۔لیکن افسوس کے آج مسلمان رمضان المبارک کی قدر و قیمت کو بھلا بیٹھا ہے۔وہ دیگر مہینوں کی طرح رمضان المبارک کے قیمتی اوقات فضول کاموں میں ضائع کرتا ہے۔اور بعض لوگ رمضان المبارک کو تجارت کا مہینہ سمجھ چکے ہیں۔مولانا نے دوٹوک فرمایا کہ جس نے رمضان المبارک کی قدر کی اور اپنے اوقات عبادت و ریاضت میں گزارے وہ اللہ کے یہاں مقبول ہوگا اور جس نے رمضان کے قیمتی اوقات فضول کاموں میں ضائع کیا وہ اللہ کے یہاں مجرم ہوگا۔مولانا شاہ قاسمی نے امت مسلمہ کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک کے قیمتی اوقات روزہ، تراویح، ذکر و تلاوت قرآن پاک اور دیگر عبادات میں گزاریں۔سنن و نوفل کی بھی پابندی کریں نیز آخری عشرے کا اعتکاف کریں۔جہاں تراویح اچھے انداز میں پڑھی جاتی ہو وہیں نماز تراویح ادا کریں۔مولانا نے فرمایا کہ ہمارا ایک دشمن شیطان کو تو اللہ نے قید کردیا لیکن ہمارا دوسرا دشمن ہمارا نفس ہمارے ساتھ ہی ہے۔نفس کو اپنے قابو میں رکھیں اور ایسا کوئی کام ہرگز نہ کریں جس سے اللہ ناراض ہوتا ہو۔مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں اپنے تمام مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف عبادت و ریاضت میں گزارتے ہوئے اللہ کو راضی کرلیں۔کسے معلوم کے اگلا رمضان ہمیں ملے یہ نہ ملے۔