اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: جمیعت کے حالیہ موقف سے دلبرداشتہ ہوکر قاری نسیم منگلوری عہدے سے مستعفی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday, 15 September 2019

جمیعت کے حالیہ موقف سے دلبرداشتہ ہوکر قاری نسیم منگلوری عہدے سے مستعفی

جمعیۃ کے حالیہ موقف سے دلبرداشتہ ہوکر قاری نسیم منگلوری عہدے سے مستعفی
دیوبند۔۱۵؍ ستمبر(ایس۔چودھری)جمعیۃ علماء ہند کی مجلس منتظمہ میں پاس کی گئی کشمیر سے متعلق قرار داد اور مولانا سید محمود مدنی کے حالیہ بیان سے اعتراض کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہندکے صوبہ اتراکھنڈ کے ترجمان وسیکریٹری قاری نسیم احمدمنگلوری نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیاہے۔قومی صدر مولانا سید قاری محمد عثمان منصور پوری اور صوبائی صدر مولانامحمدعارف قاسمی کو ارسال اپنے استعفیٰ میں قاری نسیم منگلوری نے کہاکہ اگر اس ملک میں علماء کی جماعت یعنی جمعیۃعلماء ہندبھی حق کے ساتھ نہیں ہے تو میں اس جماعت سے برأت کا اظہار کرتاہوں، ملک میں سنگھ پریوار کی حکمرانی قائم ہونے کے بعد سیاسی اپوزیشن توکبھی کا ختم ہو گیا تھا تو کیا اب انجمنیںیاتنظیمیں بھی حق کے اظہار سے رو گردانی کرنے لگیں ہیں؟۔ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سیکریٹری مولانا محمود مدنی کے حالیہ بیان جس میں انہوں نے ایک جانب کشمیر میں دفعہ 370کوختم کرنے کے مودی حکومت کے اقدام کی حمایت کی ہے تو دوسری جانب مغل شہنشاہ اورنگزیب ؒکی حکمرانی کے مقابلے شیواجی کی حکمرانی کو بہترقرار دیا ہے، میرا خیال ہے کہ ان دونوں ہی مدعوں پر مدنی صاحب نے حقائق کو بائی پاس کر کے موجودہ حکمرانوں کی خوشنودی کو مدنظر رکھا ہے۔ حدیث میں ہے کہ  ظالم حکمراں کے سامنے حق بات کہنا بڑا جہاد ہے، لیکن اگرہمارے قائدین بھی وقتی مصلحت اورذاتی اغراض کے مد نظراظہار حق سے آنکھیں چرانے لگیں گے تو ایسے علماء کو میں اپنا قائد تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہوں اس لئے آج میں جمعیۃ علماء ہند(م)کے صوبائی ترجمان اورسیکریٹری کے عہدہ سے استعفیٰ پیش کر رہا ہوں۔