اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دارالعلوم حسین آباد انجان شہید میں مغل بادشاہ اورنگ زیب رحمۃ اللہ علیہ کے ہاتھوں لکھا قرآن کریم موجود

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Friday, 6 September 2019

دارالعلوم حسین آباد انجان شہید میں مغل بادشاہ اورنگ زیب رحمۃ اللہ علیہ کے ہاتھوں لکھا قرآن کریم موجود

*دارالعلوم حسین آباد انجان شہید میں مغل بادشاہ اورنگزیب "رحمة اللہ علیہ" کے ہاتھوں لکھا قرآن کریم موجود*

عبدالصبور چشتی
 دارالعلوم حسین آباد مشرقی یوپی کی قدیم دینی و علمی درسگاہ ہے، اس مدرسے کی بنیاد خلیفہ شیخ الاسلام مولانا عبدالحئی چشتی نے 1954 میں رکھی تھی، تب سے یہ مدرسہ علاقے کی دینی وعلمی ضرورت کو پورا کر رہا ہے-
مدرسہ ہذا کی لائبریری میں اورنگزیب عالمگیر "رحمة اللہ کے ہاتھوں لکھا ہوا قرآن کریم موجود ہے، اورنگزیب کے بارے میں تاریخ کی کتابوں میں یہ درج ہے کہ وہ سرکاری خزانے سے تنخواہ نہیں لیتے تھے اور گھر کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے قرآن کریم لکھتے اور ٹوپی وغیرہ بنایا کرتے تھے۔

یہ نسخہ مدرسے میں ایک غیر مسلم شخص نے لا کر دیا تھا، واقعہ کچھ یوں ہے کہ: 1970 کے آس پاس ایک شخص  مدرسے کے بانی، خلیفہ شیخ الاسلام مولانا عبدالحئی چشتی" رحمة اللہ علیہ" کی خدمت میں آیا اور اس نے بڑی بے باکی سے کہا کہ "میں ایک چور ہوں میں نے ایک سیٹھ کے گھر میں چوری کی تھی، اس کی الماری میں مجھے یہ کتاب ملی ہے، میں نے اسے کئی لوگوں کو دکھایا تو انہوں نے آپ کے پاس لے جانے کے لیے کہا، یہ آپ کی مذہبی کتاب ہے، اس کو اپنے پاس رکھ لیجیے" تب سے یہ قرآن مدرسے کی لائبریری میں موجود ہے۔
 اس نسخے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو کالی سیاہی سے شاندار رائٹنگ میں لکھا گیا ہے، حروف کے بیچ میں خالی جگہ کو سونے کے پانی سے بھرا گیا ہے، اور ورق کے ارد گرد سونے کے پانی سے بہترین ڈیزائن بناکر کے اس کو ہر طریقے سے خوبصورت بنانے کی کوشش کی گئی ہے، اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس کو ایک قلندر صفت بادشاہ نے اپنے ہاتھوں سے لکھا ہے۔
اس قیمتی نسخے کو جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی، عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد، دارالمصنفین اعظم گڈھ اور ملک کی دیگر معروف لائبریریوں کی طرف سے مانگا جا رہا ہے، مگر مدرسے کے مہتمم صاحب نے اس کو جامعہ کی لائبریری میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ کسی بھی قیمت پر اس تاریخی نسخے کو دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔