اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: کھویا ہوا مقام دوبارہ مل سکتا ہے بشرطیکہ مسلمان اپنے اعمال درست کرلیں!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 23 September 2019

کھویا ہوا مقام دوبارہ مل سکتا ہے بشرطیکہ مسلمان اپنے اعمال درست کرلیں!

دین و شریعت کا پابند بننا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

محمد فرقان
________
بنگلور(آئی این اے نیوز23/ستمبر2019)پوری دنیا میں آج مسلمان کشمکش کی زندگی گزار رہا ہے۔ ہر طرف اسے ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جس کے نام سے کبھی دشمنوں کی راتوں کی نیندیں حرام ہوجایا کرتی تھی آج وہی ڈر و خوف کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔ جو کبھی بادشاہوں کی زندگی بسر کرتا تھا آج وہی غلامی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔ جس قوم کی کبھی لوگ قسمیں کھایا کرتے تھے آج انہیں گالیاں دی جارہی ہیں۔عروج کی بلندیوں پر پہنچ کر زوال کی اس گہرائیوں میں گرنے کی وجہ کیا ہے؟ یقیناً اسکی وجہ مسلمانوں کی دین و اسلام سے بیزاری اور سنت و شریعت سے دوری ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مسجد رحمانیہ، منہاج نگر، بنگلور میں ہزاروں مسلمانوں کو خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ صاحب قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ جب مسلمان دین و شریعت کے پابند تھے اسلام کا بول بالا پوری دنیا میں تھا۔ کفر کی نجاست سے لوگ اپنے آپ کو الگ کرتے ہوئے دین و اسلام کو قبول کیا کرتے تھے۔ لیکن جس دن سے ہم نے دین و شریعت سے دوری اختیار کی اسی دن سے ہم زوال کی گہرائیوں میں گرنے لگے۔ مولانا نے کہا کہ اللہ کی مدد و نصرت ہمیشہ سے مسلمان کے ساتھ ہے لیکن مانگنے والا بھی تو چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گناہوں کے سمندر میں ڈوبے ہوئے لوگ اللہ کی غیبی مدد کا تصور کریں، اور مدد بھی آجائے یہ کیسے ممکن ہے؟ مولانا نے فرمایا کہ ہم ایک طرف اللہ کو ناراض کرتے رہیں اور دشمنوں کا اللہ صفایہ کرتے رہیں یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ مولانا قاسمی نے کہا کہ جب ہم دین و شریعت کے پابند تھے تو ہماری مدد کیلئے آسمان سے فرشتے اترا کرتے تھے۔ ہماری ذلت و رسوائی کی وجہ دین و شریعت سے دوری ہے۔ شاہ ملت نے فرمایا کہ آج بھی وقت ہے، ہمارا کھویا ہوا مقام ہمیں دوبارہ مل سکتا ہے بشرطیکہ ہم دین و شریعت کے پابند ہوں، سنت و شریعت پر عمل پیرا ہوں۔اگر ہم اس کے پابند بن گئے تو یاد رکھیں دنیا کے کسی بھی طاقتور انسان کی کیا مجال کہ وہ کسی مسلمان کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھے۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ بڑا رحیم ہے، وہ بندے سے کہتا ہے کہ تو ایک قدم چل کے آ، میں دوڑ کر آؤنگا۔ تو دوڑ کر آ، میں تجھے سینے سے لگا لوں گا۔ مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے فرمایا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم اللہ کے حضور توبہ و استغفار کریں، اپنے گناہوں سے معافی مانگیں۔ اور دین و شریعت کے پابند ہوجائیں۔ اور اگر اسکو ہم نے عملی جامہ پہنا دیا تو یاد رکھیں پوری دنیا پہلے کی طرح اسلام اور مسلمانوں کے آگے عاجز ہوتی نظر آئے گی۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر شاہ ملت نے پچھلے دنوں انتقال کرگئے دارالعلوم دیوبند کے مؤقر استاذصاحب جمالین حضرت مولانا جمال احمد صاحب بلندشہریؒ کیلئے دعائے مغفرت کی۔