اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: انجمن اصلاح اللسان کے زیر اہتمام سال رواں کا دوسرا شہریہ اجلاس کا انعقاد

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday, 17 October 2019

انجمن اصلاح اللسان کے زیر اہتمام سال رواں کا دوسرا شہریہ اجلاس کا انعقاد

انجمن اصلاح اللسان کے زیر اہتمام سال رواں کا دوسرا شہریہ اجلاس کا انعقاد


خیرآباد مئو (رپورٹ عبادالرحمن)
17 اکتوبر آئی این اے نیوز 2019
مدرسہ عربیہ منبع العلوم خیرآباد کی جامع مسجد میں، انجمن اصلاح اللسان کے زیر اہتمام سال رواں کا دوسرا شہریہ اجلاس زعیم قوم فخرملت حضرت مولانا حافظ عبدالحی صاحب دامت برکاتہم ناظم مدرسہ ہذا  کی صدارت میں منعقد ہوا، ماضی کی تابندہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے طلبہ عزیز نے شاندار پروگرام پیش کیا،  محمدفہیم ادروی عربی پنجم نے عربی زبان میں اور شاہد اقبال عربی پنجم، محمدارشادعربی چہارم،محمداحتشام عربی سوم،راشدجمال عربی دوم،ابو حمزہ خیر آبادی عربی اول،اور الطاف حسین درجہ فارسی، نے اردو زبان میں تقریریں پیش کیں،اور دلچسپ اور اصلاحی  مکالمہ پیش کرنےوالے طلبہ میں سے ہر ایک نے حاضرین کا دل موہ لیا، یہ پروگرام بھی سابقہ پروگراموں کی طرح ہر اعتبار سے کامیاب رہا، والحمد للّٰہ علی ذلک۔

پروگرام میں شعبہ عربی و فارسی اور حفظ وقراءت کے سبھی اساتذہ وطلبہ موجود تھے۔طلبہ کے پروگرام کے بعد صدر اجلاس حضرت مولانا حافظ عبد الحی صاحب مفتاحی مدظلہ العالی کا قیمتی بیان ہوا۔سب سے پہلےانہوں نے گزشتہ دنوں پیش آنے والے دو اہم حادثے پر اپنے گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار فرمایا: ایک مدرسہ ہذا کے قدیم ترین استاد حضرت مولانا فضل حق صاحب عارف خیرآبادی مدظلہ کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔ دوسرے ولید پور کے سانحہ کا ذکر کیا اور اس سلسلے میں ایک خاص امر کی جانب توجہ دلائی کہ اس گھر میں سلنڈر کے پھٹنے کے بعد سبھی لوگ چاہے وہ مسلم ہوں یا غیر مسلم انسانیت کی بنیاد پر مدد کے لیے اور اہل خانہ کی جان بچانے پہنچے مگر ہوا یہ کہ ان ہی کے اوپر دومنزلہ عمارت گرگئی اور وہ خود اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس سے بڑی انسانی ہمدردی، قومی یک جہتی اور گنگاجمنی تہذیب کا قابل تحسین نمونہ اور کیا ہوسکتا ہے!  حضرت نے اپنے بیان میں طالب علم کی زندگی میں پیش آنے والے ہر مرحلے پر  اسباق میں حاضری کی کیفیت ہو یا گزشتہ اسباق کے تکرار اور مذاکرے کا طریقہ، کھانے پینے اٹھنے بیٹھنے سونے جاگنے اور سیروتفریح کا مرحلہ ہو یا وقت کی رعایت کرتے ہوئے نمازوں کے لیے مسجد میں حاضری، آلات علم اساتذہ وکتب کا ادب واحترام ہو یا دوسروں کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنے کا سلیقہ، ہر ایک چیز پر واضح انداز میں گفتگو کی، اور اپنے سالہا سال کے طویل تجربات کی روشنی میں بیش قیمت ہدایات اور ناصحانہ کلمات سے سرفراز فرمایا۔اخیر میں حضرت مولانا مفتی جاوید اختر صاحب مدظلہ استاذ مدرسہ ہذا کی مختصر مگر جامع اور پراثر تقریر ودعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔