جامعہ سے پھر اٹھی طاہر مدنی ودیگر کی رہائی کی آواز
نئی دہلی ۔مولانا طاہر مدنی،ڈاکٹر کفیل خان اور شرجیل امام کی رہائی کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر 7 سے اشوکا پارک ذاکر نگر مارچ نکالا گیا۔سنیچر کے روز شام 5 بجے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر 7 سے مولانا طاہر مدنی، ڈاکٹر کفیل خان اور شرجیل امام پر لگے فرضی مقدمات کو ہٹانے اور ان کی رہائی کے لیے ایک مارچ نکالا گیا، جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔
یہ مارچ گیٹ نمبر 7 سے شروع ہوا اور بٹلہ ہاؤس ہوتے ہوئے ذاکر نگر اشوکا پارک کے پاس ختم ہوا۔ یہاں پر لوگوں نے اپنی باتیں رکھیں اور اس بات کا عہد کیا کہ جب تک ان لوگوں کی رہائی نہیں ہوجاتی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔واضح رہے کہ 5جنوری کو بلریا گنج میں سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ہورہے مظاہرے میں پولس کی طرف سے تشدد کے بعد مولانا طاہر مدنی کو گرفتار کیا گیا تھا۔