نربھیا کے مجرموں کی آج آخری رات! پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے پھانسی کی تاریخ بدلنے سے کیا انکار
مجرم اکشے کے وکیل نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں عرضی داخل کر کے 3 مارچ کو ہونے والی پھانسی رکوانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن عدالت نے اس عرضی کو مسترد کر دیا۔
نئی دہلی :02/مارچ 2020 آئی این اے نیوز /ذرائع
نربھیا کے قصورواروں کی پھانسی کئی بار ملتوی ہو چکی ہے اور یکے بعد دیگرے چاروں قصورواروں میں سے کوئی نہ کوئی نئی عرضی عدالت میں داخل کر دیتا ہے جس کی سماعت لازمی ہو جاتی ہے۔ اس درمیان پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں نربھیا کی اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے کے ایک قصوروار اکشے نے پھانسی کی تاریخ ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک عرضی داخل کی تھی جسے خارج کر دیا گیا ہے۔ اس عرضی کو خارج کیے جانے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ آج یعنی 2 مارچ کی رات نربھیا کے قصورواروں کے لیے آخری رات ہوگی۔ ایسا اس لیے کیونکہ 3 مارچ کا ڈیتھ وارنٹ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے اور پھانسی کی تیاریاں بھی مکمل ہیں۔
واضح رہے کہ مجرم اکشے کے وکیل نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں عرضی داخل کر کے 3 مارچ کو ہونے والی پھانسی رکوانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اکشے کے وکیل کی جانب سے یہ دلیل دی گئی تھی کہ اس کی جانب سے صدر جمہوریہ کے سامنے داخل رحم کی عرضی میں پورے دستاویز نہیں تھے، جس کی وجہ سے اس کی عرضی خارج ہو گئی تھی۔ ایسے میں اسے دوبارہ سے رحم کی عرضی داخل کرنے کی اجازت دی جائے اور پھانسی کے حکم پر روک لگائی جائے۔
یہاں قابل ذکر ہے کہ نربھیا اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے کے سبھی قصورواروں کے سبھی قانونی متبادل ختم ہو چکے ہیں۔ ایسے میں قانونی طور پر سبھی قصورواروں کو 3 مارچ کو پھانسی دینے کا راستہ صاف ہو چکا ہے۔ بتا دیں کہ پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے چاروں قصورواروں کے خلاف 3 مار چ کے لیے ڈیتھ وارنٹ جاری کیا ہے۔ اس درمیان قصوروار پون کی عرضی کی سماعت پیر کو پانچ ججوں کی بنچ نے کی جس میں جسٹس این وی رمن، جسٹس ارون مشرا، جسٹس آر ایف نریمن، جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اشوک بھوشن شامل تھے۔ پون نے سزائے موت کے حوالے سے کیوریٹیو پٹیشن داخل کی تھی جسے بنچ نے مسترد کردی ہے۔