لداخ مسئلہ پر چین سے کوئی جنگ نہیں کی جائے گی
ہندوستانی فورسس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تیار: مارشل آر کے ایس بھدرئیا
حیدرآباد:ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ مارشل آر کے ایس بھدرئیا نے کہا ہے کہ لداخ کے مسئلہ پر چین کے ساتھ کوئی جنگ نہیں کی جائے گی تاہم ہندوستانی فورسس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔تلنگانہ کے اہم مانے جانے والے ڈنڈیگل ایرفورس اکیڈیمی میں ہندوستانی فضائیہ کے کیڈٹس کی رنگارنگ پاسنگ آوٹ پریڈ کی سلامی لینے کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے بھدرئیا نے کہا کہ گلوان وادی میں ہندوستانی فوجیوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ فوجیں تیار تھیں اوران کے ساتھ مناسب آلات بھی تھے۔انہوں نے کہاکہ لداخ میں چھوٹی سے جھڑپ تھی۔اس سوال پر کہ عموما گرما کے موسم میں چین ایل اے سی پر زیادہ تعداد میں طیاروں کو تعینات کرتا ہے تاہم اس سال چین کی جانب سے ان طیاروں کی تعیناتی میں اضافہ ہوا ہے،اس میں مزید اضافہ کا امکان ہے،کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا”ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،اور اس کے مطابق مناسب کارروائی کریں گے“۔اس سوال پر کہ آیا ہندوستان، چین سے جنگ کی صلاحیت کا حامل ہے تو انہوں نے الٹا سوال کیا”اس میں شک کہاں ہے؟“۔اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے بلکہ ہماری خدمات پر یقین رکھنا چاہئے۔ہماری تینوں فورسس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔اس سوال پر کہ اس صورتحال سے کس طرح نمٹا جائے گا اور پیشقدمی کی جائے گی تو انہوں نے کہاکہ ہم اس صورتحال سے بخوبی واقف ہیں۔ہم نے اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ہمارے پاس ہنگانہ صورتحال کے سامنے آنے پر کئی امکانات ہیں۔قبل ازیں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے مہمان خصوصی کے طورپر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد پر ہوئے تصادم میں شہیدجوانوں کی قربانیوں کو ہم ضائع ہونے نہیں دیں گے۔تربیت کی تکمیل کرنے والے کیڈیٹس کو انہوں نے مبارکباد پیش کی۔انہوں نے نشاندہی کی کہ فی الحال سرحد پر حالات معمول پر ہیں۔اگر مستقبل میں صورتحال بگڑتی ہے تواس کا سامنا کرنے اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے تینوں مسلح افواج تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین کے غیر متوقع حملہ میں ہمارے جوانوں کی جان گئی۔کتنے بھی چیلجنس کیوں نہ ہوں ہم ملک کی خدمت کے لئے تیار ہیں جو ہمارا اولین فریضہ ہے۔سرحد پر حالات بگڑتے ہیں یا کوئی چھوٹا بھی واقعہ پیش آتا ہے تو ہم پوری طرح چوکس ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس اکیڈیمی سے تربیت حاصل کرنے والے 123کیڈیٹس کو راست طورپر سرحد پر بھیجا جائے گا۔ساتھ ہی دیگر مراکز سے تربیت حاصل کرنے والے کیڈیٹس کو بھی موجودہ حالات میں سرحد پر روانہ کیاجارہا ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عصری ٹکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہم تیار اور ہم طاقت رکھتے ہیں۔مناسب وقت پر مناسب جواب بھی ہماری طرف سے دیاجائے گا۔سرحد پر مکمل طورپر چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ہمیں حالات کا مکمل اندازہ ہے۔ایل اے سی کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے تفصیلات جاری کیں جس میں کہا گیا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں کیا ہوا؟جہاں تک ہندوستانی فضائیہ کا تعلق ہے،ہم نے ضرورت کے مطابق قدم اٹھایا ہے۔اس موقع پر گلوان میں شہید جنرل سنتوش کی ٹیم کو خراج پیش کیاگیا۔