اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: بِکاؤ میڈیا اور موجودہ حکومت !

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday 20 November 2016

بِکاؤ میڈیا اور موجودہ حکومت !

مفتی محمد ثاقب قاسمی ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ آج کی صورت حال یہ ہے کہ بازار میں کچھ ہورہا ہے اور میڈیا کچھ اور دکھا رہا ہے، کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں سچ کو جھوٹ، جھوٹ کو سچ، مظلوم کو ظالم، مقتول کو قاتل، بناکر دکھانا میڈیا کے لئے بہت آسان ہوگیا ہے وہ نیوز اینکرز جن کا کام عوام کے مسائل کو اجاکر کرنا اور کرپشن، غربت اور فسادات پر سوال کھڑے کرنا تھا وہ آج ملک کے بڑے لیڈروں سے موٹی رقمیں وصول کرنے کے بعد سیاہ کو سفید کرکے دکھانے میں مصروف ہیں, آخر کیا وجہ ہے کہ ایک بے قصور انسان کو گاؤں کے شر پسند افراد مل کر —صرف اس شبہ پر کہ اس کے گھر میں گائے کا گوشت ہے— قتل کر ڈالتے ہیں اور میڈیا اس مقتول اور اس کے اہل خانہ کو ہی مجرم بناکر پیش کرتا ہے؟ آخر کیا وجہ ہے کہ انسان کی جانوں کے دشمنوں کو "جانور سیوک" کا نام دے کر سراہا جارہا ہے؟ آخر کیا وجہ ہے کہ جے.این.یو کے بے قصور طلبہ پر— صرف اس لیے کہ انہوں نے ملک میں جاری عدم رواداری کے خلاف آواز اٹھائی— دیش دروہی کا الزام لگادیا جاتا ہے؟ آخر کس لیے فلمی اداکار عامر خان کے ایک چھوٹے سے جملے کو— جو حقیقت میں حکمرانوں کی کارکردگی سے بے اطمینانی کا اظہار تھا— بتنگڑ بنا کر اس کو ملک کا غدار تک کہہ دیا جاتا ہے؟ آخر کس لیے ملک میں غنڈہ راج کے خلاف آواز اٹھانے اور غریبوں و مظلوموں کے لیے لڑنے والے لوگوں کو مجرم بناکر کھڑا کردیا جاتا ہے؟ آخر کیا وجہ ہے کہ اس ملک میں حق کی آواز اٹھانے والوں کو میڈیا برداشت کرنے پر راضی نہیں؟ یہ سب دلائل و شواہد اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ملک کا اسّی فیصد میڈیا اور نوے فیصد نیوز اینکرز دل، دماغ اور زبان و قلم سمیت فروخت ہوچکے ہیں. آج حکومت کے سامنے عوامی سطح پر سیکڑوں چیلنجز ہیں الیکشن سے پہلے کیے گئے بی.جے.پی. کے تمام وعدے ہوا ہوچکے ہیں بلکہ ملک میں پہلے سے زیادہ مسائل پیدا ہوچکے ہیں، غربت میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے، مہنگائی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، کاروبار ٹھپ پڑ چکے ہیں، بی، جے، پی لیڈران ملک میں نفرت کی فضا پیدا کرنے میں مصروف ہیں، اقلیتی طبقوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کی جارہی ہے، کشمیری عوام آزاد ملک میں محبوس ہوکر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں کل کے چونّی چھاپ لوگ آج پارلیمنٹ کی کرسیوں پر بیٹھ کر مودی بھکتی کے نعرے لگا کر اپنی بے سر و پا کی تقریروں میں یہ باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ملک کا نظام بہت اچھا چل رہا ہے اور موجودہ سرکار پہلے سے بہتر کام کر رہی ہے؛ لیکن سچ عوام کے سامنے ہے کہ بی.جے.پی. نے جب سے تختۂ حکومت پر قدم جمائے ہیں ملک اور عوام کے حق میں کوئی قابل ذکر کام نہیں ہوا بلکہ ملک کا عام باشندہ مسلسل پریشان ہے ہر محکمہ ترقی کے بجائے تنزل کی طرف گامزن ہے.