اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دنیا سے ایمان محفوظ لے جانا ہی اصل عید کا دن ہے، حافظ جنید شہید پر فرقہ وارانہ حملہ ایک گھر کا نہیں ساری ملت کا نقصان ہے:مولانا حکیم حبان

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday 29 June 2017

دنیا سے ایمان محفوظ لے جانا ہی اصل عید کا دن ہے، حافظ جنید شہید پر فرقہ وارانہ حملہ ایک گھر کا نہیں ساری ملت کا نقصان ہے:مولانا حکیم حبان


رپورٹ: شہـاب الدین
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
بنگلور (آئی این اے نیوز 29/جون 2017) آج ساری دنیا میں مسلمانوں پر مظالم ہورہے ہیں، عرصہ حیات ان پر تنگ کیا جارہا ہے، ایک زمانہ تھا کہ غیر اقوام مسلمانوں کے بچوں سے ان کے تقوی للہیت اور اخلاق حسنہ کی وجہ سے خوف کھاتی تھیں، آج ہمارے اندر سے وہ تعلیمات نکل گئی ہیں جو ہمیں اسلام نے دی تھیں، ہم نے شریعت وطریقت کو اپنی زندگی سے نکال دیا ہے، ایک چاند دیکھ کر ہم مسجدوں کو آباد کر لیتے ہیں اور دوسرا چاند دیکھ کر مسجدوں کو ویران اور زندگی کو اللہ کی مرضیات سے آزادی دے دیتے ہیں، اللہ کے لئے قرآن کریم کی تعلیمات کو اپنا شعار بنائیں، ہم پہلے صحیح مسلمان بن جائیں تو دنیا ہمارے قدموں میں ہوگی، قرآن نے کہہ دیا ”وانتم الاعلون ان کنتم مومنین“ تم ہی بامِ عروج پر رہو گے اگر تم مومن ہو۔ عمدہ لباس زیب تن کرنے اور بہترین کھانے تیار کرکے کھانے کا نام عید نہیں ہے، عید تو شرافت کا نام ہے، جس طرح نماز روزے اور دیگر عبادات شرافت کے ساتھ ادا کی گئی ہیں اسی طرح عید اور طرزِ زندگی میں بھی شرافت ہونی چاہئے۔ ان کا خیالات کا اظہار مرکزی جامع مسجد دارالعلوم محمدیہ گنگونڈناہلی لائرپالیہ بنگلور میں نمازِ عید الفطر سے قبل حبیب الامت حضرت مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی نے فرزندانِ اسلام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آپ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو عید کے دن لوگوں نے روتے دیکھا تو پوچھا: عید کے دن یہ آنسو کیسے؟ فرمایا: آج عید بھی ہے اور وعید بھی، جس کے نماز وروزے مقبول اس کی عید ہے، جس کے مقبول نہیں اس کیلئے یہ وعید کا دن ہے، مجھے معلوم نہیں کہ میں مقبول ہوں یا مردود۔ شیخ عبد القادر جیلانیؒ کے دو اشعار ہیں جن کا ترجمہ یہ ہے کہ ”لوگ کہہ رہے ہیں کہ کل عید ہے کل عید ہے اور سب خوش ہیں، لیکن میں تو جس دن اس دنیا سے اپنا ایمان محفوظ لے کر گیا میرے لئے تو وہی دن عید کا دن ہوگا“۔ ہر وقت ایمان کی فکر میں لگے رہنا ضروری ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ چھوٹی سی غفلت اور معصیت کے سبب ایمان کی دولت ہاتھ سے نکل جائے۔
مولانا رحیمی نے مزید کہا کہ دہلی میں حافظ جنید شہید پر کیا گیا حالیہ فرقہ وارانہ حملہ انتہائی افسوس ناک ہے، اس طرح کے اور بھی کئی واقعات ملک بھر میں ہوئے ہیں، نوجوان ہی ملک وملت کا سرمایہ ہیں، ایک مسلم نوجوان کا ضائع ہونا صرف ایک گھر کا نہیں بلکہ ساری قوم اور ساری ملت کا نقصان ہے۔ حکیم صاحب نے قوم کے بزرگوں کو مخاطب ہوکر کہا: آپ کا فرض ہے کہ آپ بالخصوص نوجوانوں کی تربیت وحفاظت کریں، خصوصاً عید کے روز ہمارے نوجوان فلم بینی اور موٹر ریس ودیگر برائیوں میں کھل کر مبتلا ہوجاتے ہیں، اس کی ذمہ داری گھر کے بڑے اور سرکردہ افراد پر ہے کہ وہ بچوں کی مکمل اسلامی ڈھانچے میں تربیت کریں۔
ڈاکٹر حبان رحیمی نے اس موقع پر محمدیہ ایجوکیشنل چاری ٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے برادرانِ اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار فرمایا۔ ترکیب نماز اور مسائل مولانا حکیم محمد عثمان حبان دلدار قاسمی نے بیان کئے، نماز عید الفطر ڈاکٹر محمد فاروق اعظم حبان قاسمی کی امامت میں ادا کی گئی، اور آپ کے جامع عربی خطبہ اور رقت انگیز دعا پر سینکڑوں فرزاندانِ اسلام نے آمین کہا۔ اس موقع پر شہر وبیرونِ شہر کے نمازیوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی۔