اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دارالعلوم دیوبند میں طلباء کے لئے اینڈ رائیڈ فون پر مکمل پابندی کا حکم!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday 27 July 2017

دارالعلوم دیوبند میں طلباء کے لئے اینڈ رائیڈ فون پر مکمل پابندی کا حکم!


رپورٹ: سمیر چودھری
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند (آئی این اے نیوز 27/جولائی 2017) ازہر ہند دارالعلوم دیوبند میں تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے خاطر سخت قوانین کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے طلباء کے لئے اینڈرائیڈ فون کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے ، عدم تعمیل کی صورت میں سخت کارروائی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ بڑے اقدام کی تیاری میں ہے جس کے لئے طلباء کو پہلے ہی متنبہ کردیا گیاہے۔
عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم کی جانب سے طلبہ کے لئے جاری ہدایت نامہ میں دوران تعلیم موبائل کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے ، تعلیمی وقت کے علاوہ طلبہ عزیز صرف بغیرکیمرہ والا فیچر فون ہی اپنے پاس رکھ سکیں گے ۔ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے اینڈ رائیڈر فون پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے پر موبائل بذریعہ دارالاقامہ ضبط کرلیا جائے گا۔
نئے سال کے آغاز پر جاری ہوئے ہدایت نامہ میں طلبہ کے لئے مزید تاکیدات کے تحت کہا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند ایک معیاری تعلیم گاہ ہونے کے ساتھ ساتھ مثالی تربیت گاہ بھی ہے، یہاں طلبہ کی نگرانی اور اصلاح وتربیت کے لئے وسیع اور فعال نظام قائم ہے جس کے تحت تمام طلبہ کو ضابطہ اخلاق میں باندھا گیا ہے، ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند میں قیام کا مقصد حصول علم کے ساتھ اخلاقی وفکری تربیت بھی ہے اس لئے یہاں رہنے والے طلبہ کو اپنی وضع قطع اکابر علماء وصلحاء کے مماثل رکھنی ہوگی، دارالعلوم دیوبند کی جملہ املاک کی حفاظت ضروری ہے ان کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا سخت جرم شمار ہوگا ، طلبہ کے لئے ذمہ داران واساتذہ کرام ، کارکنان مدرسہ اور علماء کا احترام ضروری ہوگا، ہر طالب علم کو نظام دارالعلوم کی پابندی کرنی ہوگی اور فتنہ وفساد سے اجتناب لازم ہوگا، فرائض و واجبات وسنن بالخصوص نماز باجماعت کا پورا اہتمام کرنا ہوگا، کوئی بھی طالب علم اجازت کے بغیر دارالعلوم سے باہر قیام سے نہیں کرے گا ۔ دیوبند سے باہر جانے والے طلبہ کو بھی متعلقہ ناظم حلقہ سے اجازت لینی ہوگی ، کسی بھی غیر داخل شخص کو اپنے پاس قیام وطعام کی سہولت فراہم کرانا قطعی ممنوع ہوگا ، اگر کسی طالب علم کا کوئی مہمان آتا ہے تو اس کی اطلاع بھی ناظم حلقہ کو دینی ہوگی، کسی بھی حال میں محرم یا غیر محرم عورت کو اپنے کمرے میں لانے کی اجازت نہیں ہے، طلبہ کے قیام کے لئے جو بھی جگہ متعلقہ شعبہ کی جانب سے متعین کی جائے گی اسی جگہ پر قیام لازم ہوگا، بلااجازت اپنے حجرے کے علاوہ کسی دوسری جگہ قیام وطعام قابل مواخذہ جرم ہوگا اسی طرح اپنے ہمراہ کمسن بچوں کا رکھنا بھی موجب اخراج جرم ہوگا، بغیر اجازت 15 دن یا اس سے زائد غیر حاضری کی صورت میں دارالاقامہ میں متعینہ سیٹ سوخت کردی جائے گی ۔ فلم، سنیما، ٹیلی ویژن، کرکٹ دیکھنا اور اسی طرح انٹرنیٹ پر اخلاق سوز سائٹ دیکھنا بھی لائق اخراج جرم مانا جائے گا ، کیمرے والا موبائل رکھنا جرم ہے، پکڑے جانے پر موبائل ضائع کردئیے جانے کے ساتھ امداد بھی بند کردی جائے گی ، ا خلاق سوز کوئی بھی پروگرام طلبہ کی جانب سے کیا جاتا ہے یا موبائل پر اس کا استعمال ہوتا ہے تو بھی اخراج کیا جاسکتا ہے البتہ ضروری بات چیت کے لئے سادہ فون رکھ سکتے ہیں تاہم تعلیمی اوقات میں اس کا استعمال بھی ممنوع ہے۔