اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: امیر تبلیغی جماعت مولانا سعد کی پُر سوز دُعا پر اجتماع اختتام پذیر، اجتماعی دُعا کے بعد جماعتیں اپنی منزل اور شرکائے اجتماع اپنے گھروں کی جانب روانہ، اجتماع میں بہترین انتظامات، امن وامان، شرپسندوں کی افواہوں سے شرکائے اجتماع کے رشتے داروں کو معمولی پریشانی کا سامنا!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Tuesday 27 February 2018

امیر تبلیغی جماعت مولانا سعد کی پُر سوز دُعا پر اجتماع اختتام پذیر، اجتماعی دُعا کے بعد جماعتیں اپنی منزل اور شرکائے اجتماع اپنے گھروں کی جانب روانہ، اجتماع میں بہترین انتظامات، امن وامان، شرپسندوں کی افواہوں سے شرکائے اجتماع کے رشتے داروں کو معمولی پریشانی کا سامنا!

رپورٹ: رفیع الدین رفیق
ـــــــــــــــــــــــــــــ
اورنگ آباد(آئی این اے نیوز 27/فروری 2018) اے اللہ ہم گناہوں کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہمارے گناہوں اور ہماری خطاؤں کو معاف فرما، اپنی رضا والے کام میں ہماری مدد فرما، تقویٰ عطاء فرما، صبر عطاء فرما، اے اللہ امت کو دین کا داعی بنادے، صحابہ کی طرح دین کی محنت کے لیے ہمیں قبول فرما، اے اللہ مال ودنیا کی محبت ہمارے دلوں سے نکل کر دین کی طرف ہمار رخ کردے، اے اللہ ہم سب کو دین کے کاموں کے لیے قبول فرما ۔ اے اللہ نبی ﷺ کی امت جو وجود میں آئی تھی، اے اللہ اغیار کی نظریں اس امت پر جمی ہوئی ہے، اے اللہ احکام شریعت میں مداخلت اور احکام طریقت میں مداخلت اور روکاوٹیں پید ا ہونے لگی ہیں، اے اللہ اے اللہ تیرے نبی کی امت بڑے حالات سے گزررہی ہے، اے اللہ کرم فرما، اے اللہ رحم فرما ،ان حالات سے نکال کر ثابت قدمی عطاء فرما، اس طرح کی پُر سوز دُعا امیر تبلیغی جماعت مولانا سعد کاندھلوی نے اورنگ آباد کے لمبے جلگاؤں میں منعقدہ سہ روزہ تبلیغی اجتماع کے اختتام پر کی تو اجتماع گاہ میں موجود لاکھوں فرزندان توحید کو زور زور سے روتے اور اپنے مالک حقیقی کے سامنے گڑ گڑا تے ہوئے دیکھا گیا ۔
مولانا نے دُعا کرتے ہوئے فرمایا : اے اللہ قدم قدم پر ہماری نصرت فرما، اے اللہ قدم قدم پر ہماری رہبری فرما، اے اللہ امت کے ایمان کی اعمال کی، اخلاق کی، معاشرے کی اور جان و مال کی حفاظت فرما، اے اللہ ہم اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہیں، کرم فرما، رحم فرما، ہمیں معاف فرما ۔ ذکر، فکر، پرحسن عبادت پر ہماری مدد فرما ۔ اے اللہ ہمارے یہاں جمع ہونے کو قبول فرما، ہمارے ایمان پر فضل فرما، ہم قدم قدم پر تیری نصرت کے طلب گار ہیں، ہدایت کی بھیک مانگتے ہیں، ہمیں ہدایت عطاء فرما، امت مسلمہ کے دلوں میں تعلیم اور ہدایت کو روشن کردے، اے اللہ اس امت کو اُس طرح جمع کردے جس طرح تیرے نبی ﷺ نے کیا تھا ۔ اے اللہ ملت کے لیے دعوت کے راستے کھول دے ۔ بیماروں کو شفا عطاء فرما، قرض داروں کو قرض سے نجات عطاء فرما، پریشاں حالوں کی پریشانیوں کو دور فرما، ہماری دُعاؤں کو قبول فرما اور جن لوگوں نے دُعا کرنے کے لیے کہا ہے ان کی بھی دُعاؤں کو قبول فرما اور دین والی زندگی گزارنے والا بنا دے اور آخرت میں کامیابی نصیب فرما ۔(آمین ) مولانا سعد نے ۳۷ منٹ تک اللہ کے حضور دُعا کی، شرکاء آمین کی صدا لگا رہے تھے اور اپنے پروردگار کو راضی کرنے کے لیے نم آنکھوں سے اور زور زور سے رورہے تھے، اجتماع کے دوسرے دن رات سے اجتماع کے اختتام تک لاکھوں کی تعداد میں مندوبین اجتماع گاہ کے کونے کونے میں نظر آئے، آخری دن فجر کی نماز کے بعد مولانا منظور نے ایمان و یقین پر شرکاء سے خطاب کیا، صبح ۱۰؍ سے دوپہر ۱۲؍ بجے تک کتابی، تعلیم، تشکیل اور ذکر و فکر کا ماحول شامیانوں میں رہا ۔ دوپہر ۱۲؍ بجے سے ۱۲؍ بج کر ۳۷منٹ تک اجتماعی دُعا کا اہتمام ہوا، دُعا کے بعد پیدل جانے والے شرکاء نے اپنی منزل کا رخ کیا، نماز ظہر کے بعد موٹر سائیکل والے شرکاء نے اجتماع گاہ سے کوچ کیا، دوپہر ۳؍ بجے فور وہیلر گاڑی کو اور شام ۵؍ بجے سے بس اور دیگر بڑی گاڑیوں کو اجتماع گاہ سے چھوڑا گیا، اجتماع کے اختتام پر شرپسندوں نے افواہ عام کر دی کے اجتماع گاہ میں بم دھماکہ ہوا ہے، اورنگ آباد شہر ،مہاراشٹر اور جہاں جہاں سے شرکاء اجتماع میں تشریف لائے تھے ان کے رشتے داروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ڈپٹی کمشنر آف پویس اور منتظمین اجتماع نے فوراً سوشل میڈیا پر اپنے بیانات جاری کئے اور اس خبر کو بے بنیاد بتایا، شرکائے اجتماع تادم تحریر بذریعہ اپنی نجی گاڑیوں، ریلوے، بس اور دیگر ذرائع آمد درفت اپنی منزل کی طرف روانہ ہورہے ہیں ۔
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ سہ روزہ اجتماع کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور کئی سے کوئی نا خوشگوار واقع پیش آنے کی خبر موصول نہیں ہوئی ۔