اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: شعبان المعظم استقبال رمضان المبارک کا مہینہ: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday 27 April 2019

شعبان المعظم استقبال رمضان المبارک کا مہینہ: شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی

رمضان المبارک اللہ تبارک و تعالیٰ کی ایک عظیم الشان نعمت ہے!
محمد فرقان
ـــــــــــــــــــــــ
بنگلور(آئی این اے نیوز 27/اپریل 2019) شعبان المعظم ہمارے سر پر سایہ فگن ہے، جو برکت والا مہینہ ہے۔ماہ شعبان درحقیقت استقبال رمضان کا مہینہ ہے۔آقا دوعالم ﷺ رمضان المبارک کا استقبال انتہائی شوق و محبت کے ساتھ فرمایا کرتے تھے۔رمضان المبارک کو پانے کیلئے رجب المرجب سے ہی دعاؤں کا اہتمام اور شعبان آتے ہی کثرت سے روزوں کا اہتمام فرمایا کرتے۔لیکن افسوس کہ آج ہمارے دل و دماغ میں استقبال رمضان کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار معروف عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ جس طرح آقائے دوعالم ﷺ رمضان المبارک کا استقبال کیا کرتے تھے ہمیں بھی اسی طرح رمضان کا استقبال کرنا چاہئے۔کیونکہ رمضان کا مہینہ انتہائی عظیم مہینہ ہے۔اس کے آنے سے پہلے ہمیں اپنے ذہن و دماغ میں رمضان کی عظمت کو پیوست کرلینا چاہئے۔تاکہ جب رمضان میں داخل ہوں تو غفلت، سستی، بے اعتنائی، ناقدری، ناشکری، احسان فراموشی اور صیام و قیام سے بے رغبتی کے اوصاف رذیلہ پیدا نہ ہوں۔ رمضان المبارک جہاں اللہ کا مہمان ہے وہیں اس کی طرف سے ایک عظیم الشان نعمت بھی ہے، اس کی قدر کرنا ہمارا فرض ہے۔مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے معاشرے میں اعمال صالحہ کی فضا قائم کریں۔ اپنے گناہوں سے توبہ کرلیں، حقوق اللہ اور حقوق العباد کو ادا کریں، نماز و روزہ، ذکر و تلاوت اور دعاؤں کا اہتمام فرمائیں۔تاکہ رمضان المبارک آنے سے پہلے ہمارا ظاہر اور باطن پاک و صاف ہوجائے۔نیزفرمایا کہ رمضان سے پہلے رمضان المبارک کے مسائل مثلاً روزہ، تراویح، زکوٰۃ، اعتکاف، صدقۃ الفطراور دیگر احکامات ابھی سے سیکھیں۔اسی کے ساتھ اپنانظام الاوقات مرتب کریں۔ مولانا شاہ قاسمی نے فرمایا کہ رمضان المبارک میں اپنے تمام تر مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر صرف عبادت و ریاضت میں گزاریں۔کیونکہ رمضان المبارک رحمت،مغفرت، جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے۔ جس میں نفل کاثواب فرض کے برابر ملتا ہے اور فرض کا ثواب ستر گنا ملتا ہے۔مولانا نے ایک اہم مسئلہ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ عید کیلئے جو کچھ بھی خریداری کرنی ہو وہ رمضان سے پہلے کرلیں تاکہ رمضان المبارک کا کوئی لمحہ ضائع نہ ہو۔شا ہ ملت نے فرمایا کہ رمضان المبارک کی تیاریوں کے ساتھ اللہ تبارک وتعالیٰ سے رمضان المبارک کی روحانیت و برکات کے حصول کیلئے دعائیں مانگیں۔ مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے کہا کہ ہر سال رمضان آتا ہے اور چلا جاتا لیکن کامیاب اور عقلمند شخص وہی ہے جسے رمضان المبارک جیسی عظیم نعمت ملی اور اس نے اپنی آخرت سنوارلی۔