اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ازہرِ ہند دارالعلوم دیوبند میں داخلہ کے خواہش مند طلبہ ناکامیوں سے مایوس نہ ہوں!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Wednesday 26 June 2019

ازہرِ ہند دارالعلوم دیوبند میں داخلہ کے خواہش مند طلبہ ناکامیوں سے مایوس نہ ہوں!

تحریر: احتشام الحق مظاہری
ــــــــــــــــــــــــــــــــ
زندگی دکھ سکھ سے عبارت ہے یہ کامیابیوں اور ناکامیوں کا مرقع ہے یہ دنیاں ان لوگوں کے لئے ہیں جو ناممکن کو ممکن کر دکھاتے ہیں یہ دنیاں ان لوگوں کے لئے ہے جو غلطیاں کرتے ہیں اور ان سے سبق سیکھتے ہیں اپنے حوصلوں کو تازہ کرتے ہیں اور ناکامیوں سے نبرد آزماں رہتے ہیں، یہ دنیاں ان لوگوں کے لئے نہیں جو ناکام ہوتے ہیں اور اس سے سبق نہیں سیکھتے اور مایوسی سے سرد ہوکر عمل سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہیں، دنیا میں صرف انہیں لوگوں نے محیر العقول کارنامے  انجام دیئے ہیں جنہوں نے بار بار غلطیاں کیں اور تشنہ کام ہوئے لیکن مایوسی کا بازار سرد نہیں کیا ان سے لڑتے رہے اور ان کی اصلاح کرتے رہے ناکامی ان کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکی ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکی، ان کے عزم کو فنا نہیں کرسکی، ان کے جد و جہد کو مات نہیں دے سکی یہ دنیا انکے لئے بنی ہے  جو مسلسل جدو جہد پر بازی لے جاتے ہیں اور اس پر ایمان رکھتے ہیں جو شکست پر انسو نہیں بہاتے جو کسی بھی پسپائی کو قبول نہیں کرتے، زندگی میں صرف وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنی غلطیوں اور محرومیوں  سے سبق سیکھتے ہیں، ازہرِ ہند دار العلوم دیوبند میں داخلہ کے خواہش مند طلبہ اپنی تشنہ کامیوں سے ہرگز نراس نہ ہوں
اور ذھن و دماغ میں بےجا حماقت کا تصور اور کثافتی مضمون آفرینی سے خود کو مذموم نہ کریں کیونکہ زندگی کا یہ سفر بہت مختصر ہے،  اللہ تعالی نے یہ زندگی بطور امانت دی ہم اس زندگی کے مالک نہیں ہیں زندگی کی مہلت یہ دراصل ہماری پونجی اور سرمایا ہے سفینۂ حیات بہت جلد ساحل سے جا لگتا ہے اس کا صحیح اور مناسب استعمال ہم کو دونوں جہاں میں کامیابی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتا ھے اور اسکا بے جا اور غیر مناسب استعمال  دونوں جہاں میں ہمیں اینٹ سے اینٹ بجا سکتا ہے، بعض لوگ اپنے آپ کو زندگی کا مالک سمجھتے ہیں اور جب کوئی ناکامی انگارہ بن کر سامنے آتی ہے یا ذھن پر بڑا صدمہ پہنچتا ہے تو انسان ان پریشانیوں سے بچنے کے لئے خودکشی کی حماقت کر بیٹھتا ہے.
 اسلام نے خود کشی کو حرام قرار دیا ہے اسی طرح مایوس ہونا ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جانا ایمان کے کمزوری کی علامت ہے
قرآن کریم کی تعلیم ہے کہ ہوسکتا ہے کوئی معاملہ تمہیں ناپسند ہو لیکن اس نا پسند معاملے میں ہی اللہ تعالی نے تمہارے لئے بہتری و بھلائی اور خیر رکھی ہو، اس لئے اپنی خواہش کے مطابق حالات نہ ہونے پر ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھنا چاہئے کوشش کرنا ہمارا کام ہے کامیابی دینا رب کریم کے اختیار میں ہے .
افسوس یہ ہے کی آج غیروں کے دیکھا دیکھی دارالعلوم دیوبند میں داخلہ کے خواہش مند طلبہ  بھی غیر متوقع رزلٹ انے پر نہ جانے کیسی کیسی، حماقتیں کر بیٹھتے ہیں حالاکہ یہ حقیقت ہے کہ جتنے نامور اور کامیاب لوگ گزرے ہیں سب نے ناکامی کی ٹھوکر کھانے کے بعد ہی کامیابی کا پرچم لہرایا ہے.
خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام نے غزوۂ احد اور غزوۂ حنین میں شکست کا سامنا کیا لیکن ہر گز مایوس نہ ہوئے بلکہ اللہ تبارک وتعالی کی ذات پر کامل یقین کی بناء پر ناقابلِ یقین اور سخت ترین حالات کے باوجود کامیاب وکامراں ہوئے اور سر زمین حجاز پر غلبہ حاصل کیا، مایوسی  دل شکستگی اور ہمت ہارنا مومن کا شیوہ نہیں ۔۔
آج کل دارالعلوم دیوبند میں داخلہ امتحان کے نتائج آنے میں خواہش مند طلبہ کو توقع کے مطابق نتیجہ نہ ملنے پر ماں باپ کا فرض ہے کہ وہ نہ خود مایوسی کی بیڑیاں پہنیں، نہ اپنے بچوں کو کشکول گدائی تھمائیں یاد رکھیں کوئی بچہ پڑھائی میں کمزور ہوتا ہے لیکن اس میں علم و آگہی کے آبشار جاری کرنے کی صلاحیت مخفی ہوتی ہے اس لئے بچوں کے دلوں میں دبی ہوئی چنگاریوں کو شعلۂ جوالہ بنانے کا موقع دینا چاہئے در اصل ناکامی کامیابی تک پہچنے کی شاہ راہ ہے کامیاب ہونے کے لئے ناکامی کو کبھی کبھی گلے لگانا پڑتا ہے.
اس لئے دار العلوم دیوبند کے داخلہ امتحان میں ناکام طلبہ کا  فرض ہے کہ آپ  ہرگز زمین میں گڑ جانے کا شکار نہ ہوں بلکہ تمام مشکل حالات کو روند کر ترقی کی شاہراہ پر جلوہ گر ہوجاہیں اور اسکو کامیابی کا زینہ سمجھیں اور انتہائی محنت و لگن حوصلے اور ولولے کے ساتھ اللہ پر اعتماد و یقین کے ساتھ حوصلے کو جوان رکھتے ہوئے اپنی کوشش جاری رکھیں کوتاہیوں اور خامیوں کو درست رکھیں بڑوں سے مشورہ لیتے رہیں ناکامیوں سے مت گھبرائیں شکست کے خوف کو دل سے نکال دیں اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھیں   اور کامیابی کی منزل پر عزم کے ساتھ گامزن ہوں اس کے باوجود ٹھوکر لگ جائے تو گر کر فورا کھڑے ہوجائیں ماتم اور شکوہ شکایت میں ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں، ان شاء اللہ یقینی طور پر کامیابی قدم بوس ہوگی.