اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: عیدالفطر کا ورود، خوشی و غمی کا مجموعہ!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Tuesday 27 June 2017

عیدالفطر کا ورود، خوشی و غمی کا مجموعہ!


 تحریر: محمد سالم قاسمی سریانوی، استاذ جامعہ عربیہ احیاءالعلوم مبارکپور اعظم گڑھ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
وہ ساعت اور گھڑی آن پہنچی جس کا انتظار تھا، جس میں مزدوروں یعنی بنی آدم کو اللہ کی طرف سے مغفرت کی شکل میں مزدوری ملتی ہے، جو مزدوری انھوں نے رمضان کے پورے ایک ماہ روزے رکھ کرکی تھی، چناں چہ صبح ہی سے بچے، بوڑھے، جوان اور مرد وعورتیں عید کی تیاریوں میں مشغول تھے، بالآخر مرد حضرات وقت مقررہ پر عیدگاہ پہنچے اور اللہ رب العزت کے حضور بطور شکرانے کی دو رکعت نماز ادا کی، خوب التجا کر کے اس سے دعا مانگی اور خطبہ کے سننے کے بعد واپسی کی۔
 بس یہی عید ہے جو آئی، اور یہ ہر سال آتی ہے اور چلی جاتی ہے، لیکن اسی میں وہ خوشی پنہاں ہوتی ہے جس کو الفاظ وتعبیرات میں ڈھالنا ممکن نہیں، اس کی پوشیدہ حقیقت سے وہی پردہ ہٹا سکتا ہے جسے رمضان ملا ہو لیکن حالات نے اسے بالکل لاچار اور مجبور کردیا ہو جس کی وجہ سے اس کی عید کوئی عید نہ ہو، جیسا کہ اس وقت ہندوستان جیسے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک میں ہورہا ہے (اس وقت اس کی جمہوریت صرف کہنے اور کاغذات پر ہے، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے)
ہر روز، بل کہ ہر دم کوئی نت نئی مصیبت و پریشانی مسلمانوں کا دامن کھینچ رہی ہے، ہر مصیبت کی انتہا کسی نہ کسی مصیبت پر ہورہی ہے، ان حالات ومصائب کی فہرست اتنی لمبی ہے کہ میرے لیے شمار کرانا نا ممکن ہے، اب ظاہر ہے جو حالات سے جوجھ رہا ہو او رخود اس کے اپنے افراد مصائب وآلام کی چکی میں پس رہے ہوں وہ عید کی خوشی میں کیسے شریک ہوسکتا ہے، لیکن در حقیقت اگر کوئی اس خوشی کا ادراک کرسکتا ہے تو وہی مظلوم ہے جس کو بے یار و مددگار کردیا گیا ہے؛ اس لیے جہاں یہ عید ہمارے لیے ڈھیر ساری خوشیاں لاتی ہے وہیں ہمیں ان بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو اس وقت ظلم کی چکی کے دو پاٹ کے مابین ہیں؛ بل کہ خوشی میں ان کو یاد رکھنا چاہیے اور ان کے لیے خصوصی طور پر اللہ سے حالات و کوائف کی اصلاح و درستگی کی دعا کرنی چاہیے اور کچھ نہ کچھ صدقے خیرات کا بھی اہتمام کرنا چاہیے؛ تاکہ ان کے بھی حالات درست ہوں اور وہ بھی ہماری طرح خوشی میں برابر کے شریک ہوں۔ واللہ الموفق.