اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: مولانا امداداللہ رشیدی کے پیغام امن و اخوت کو سلام، آسنسول کے امام نے اسلام کی تعلیمات کو زندہ کیا: مولانا اسرارالحق قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday 31 March 2018

مولانا امداداللہ رشیدی کے پیغام امن و اخوت کو سلام، آسنسول کے امام نے اسلام کی تعلیمات کو زندہ کیا: مولانا اسرارالحق قاسمی

کشن گنج(آئی این اے نیوز 31/مارچ 2018) مغربی بنگال کے آسنسول میں رام نومی کے جلوس کے موقعہ پرفرقہ وارانہ فسادات رونما ہوگئے جس سے لوگوں کوجانی ومالی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے، اب بھی آسنسول کی صورت حال اطمینان بخش نہیں ہے اور لوگ خوف و ہراس کے ماحول میں ہیں، جبکہ اس دہشت ناک حادثے میں نورانی مسجد کے امام مولانا امداداللہ رشیدی کے نوجوان لڑکے حافظ سبط اللہ رشیدی کو اغوا کر کے دردناک طریقہ سے شہید کردیا گیا،
جس کے بعد مقامی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا تھا مگر امام صاحب نے صبر و تحمل کا بے مثال عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں سے پرزور اپیل کی کہ امن و امان قائم رکھیں اور اگر کسی نے ماحول بگاڑنے کی کوشش کی تو میں آسنسول چھوڑ کر چلا جاؤں گا، امام صاحب کے اس بیان نے نہ صرف آسنسول میں بلکہ ملک گیر سطح پر امن و بھائی چارہ کا پیغام دیا ہے، ان کا یہ عمل اسلام کی پرامن تعلیمات کا نمونہ ہے جس میں یہ تلقین کی گئی ہے کہ مسلمان جہاں کہیں بھی رہیں امن اور بھائی چارہ کے ساتھ رہیں اور ہرحال میں معاشرہ کو پرامن رکھنے کی کوشش کریں.
 مشہور عالم دین مولانا اسرارالحق قاسمی ایم پی نے ٹیلی فون پر مولانا امداد اللہ رشیدی سے گفتگو کرکے تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ اتنی عظیم مصیبت کے موقعہ پر آپ کے بے مثال صبر و تحمل اور امن قائم کرنے کی اپیل نے اکابر و اسلاف اور صحابہ کی سنت زندہ کردی ہے اور ملک بھر کے مسلمان آپ کے شکر گزار ہیں، مولانا نے کہاکہ اس نازک گھڑی میں ہم آپ کے غم میں شریک ہیں اور دعاء گوہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اوران کی والدہ اور تمام اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائے، مولانا نے مزید کہا کہ امام صاحب گزشتہ تیس سال سے آسنسول میں امامت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے مقامی مسلمانوں میں ان کی قدر ہے اور اگر وہ اس موقع پر معمولی اشارہ بھی کر دیتے تو مسلمانوں میں اشتعال پیدا ہوجاتا اور حالات مزید بے قابو ہوسکتے تھے، مگر انہوں نے صبر و ضبط کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو امن قائم کرنے تلقین کی جس کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد ہوا اور پورے ملک میں مثبت پیغام گیا ہے۔
آل انڈیا تعلیمی وملی فاؤنڈیشن کے صدر مولانا قاسمی نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اس وقت چوں کہ بی جے پی، آر ایس ایس اور بجرنگ دل حکومت وطاقت کے نشہ میں چور ہیں اور وہ آنے والے الیکشن کے پیش نظر جگہ جگہ اشتعال وفساد پھیلانے کی کوشش کریں گے، ایسے میں ہمیں چاہیئے کہ امام صاحب کی طرح احتیاط اور دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکمت کے ساتھ عملی قدم اٹھائیں۔ کشن گنج کے ایم پی نے بہار میں جاری حالیہ فسادات کو بھی نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہاں کے عوام امن پسند ہیں اور وہ مل جل کر زندگی گزارنا چاہتے ہیں، مگر کچھ فرقہ پرست طاقتیں آر ایس ایس کے باہری کارکنوں کے ذریعہ صوبے میں بدامنی و فساد پھیلانے کی سازش کررہی ہیں اور موجودہ نتیش حکومت اس پر قابو پانے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے کہاکہ نتیش کمار اگر صوبہ کی صورت حال کو کنٹرول نہیں کرتے ہیں تو آنے والے الیکشن میں انہیں اس کا سخت خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔