اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ملک کے موجودہ سیاسی حالات کے مدنظر ملی سیاسی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت: طلحہ رشادی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday 28 January 2019

ملک کے موجودہ سیاسی حالات کے مدنظر ملی سیاسی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت: طلحہ رشادی

مولانا عامر رشادی مدنی نے ملک کی مسلم سیاسی جماعتوں کے صدور کو متحد ہونے کے لئے لکھا خط.

اشرف اصلاحی
ـــــــــــــــــــــــــ
لکھنؤ(آئی این اے نیوز 28/جنوری 2019) راشٹریہ علماء کونسل اپنے قیام کے روز اول سے ہی اس بات کیلئے کوشاں رہی ہے کہ ملک کی تمام با اثر مسلم قیادت والی سیاسی پارٹیاں آپس میں متحد ہوں،کونسل ہمیشہ اتحاد کی کوششوں کا حصہ رہی ہے اور آئندہ بھی اتحاد کے لئے کوشش کرتی رہے گی، مذکورہ باتیں راشٹریہ علماء کونسل کے قومی ترجمان طلحہ رشادی نے اخباری نمائندوں سے ایک گفتگو میں کہا۔
طلحہ رشادی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے مدنظر یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ملک کی تمام بااثر اور خاص طور سے صوبہ اتر پردیش کی سبھی مسلم قیادت والی پارٹیاں آپس میں متحد ہو کرآنے والے پارلیمانی انتخاب کا سامنا کریں اور اپنی طاقت و اتحاد کا پیغام ملکی پیمانے پر نام نہاد سیکولر پارٹیوں کو دیں۔یوپی کے سپا بسپا گٹھبندھن نے مسلم سیاسی جماعتوں کو حصہ داری نہ دے کر اسے ختم کرنے اور مسلمانوں کے حقوق کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی جو سازش کی ہے اس کا منھ توڑ جواب دیا جا سکے۔اسی بات کو لیکر ہمارے قومی صدر مولانا عامر رشادی مدنی نے پچھلے دنوں پریس کانفرنس کر گٹھبندھن کو ٹھگ بندھن اور مسلم قیادت کو ختم کرنے کی سازش قرار دیا تھا اور سخت لفظوں میں کہا تھا کہ یوپی میں نام نہاد سیکولر پارٹیاں مسلم آبادی کے تناسب سے مسلم پارٹیوں سے اتحاد کریں اور ان کوبھی سیٹوں میں حصہ داری دیں ورنہ اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔سیکولرجماعتوں کی طرف سے کچھ حرکت نہ کرنے ،حالات کے تناظر اور ملت کی ایک عرصے سے رہی اتحاد کی تمنا کو سامنے رکھتے ہوئے قومی صدر مولا نا عامر رشادی مدنی نے ملک اور ملت کے مفاد میں پہل کرتے ہوئے ایم آئی ایم ،پیس پارٹی،اے آئی یو ڈی ایف،ایس ڈی پی آئی ،انڈین نیشنل لیگ، ویلفیئر پارٹی، مسلم مجلس سمیت درجنوں مسلم قیادت والی بااثر پارٹیوں کے صدور کو ایک خط لکھا ہے جس میں ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے باہمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے اور سبھی سے مل بیٹھ کراس پر چرچا کرنے اورکوئی مثبت راستہ نکال کرایک نئے متبادل کے طور پر مضبوط متحدہ محاذ بناکر انتخاب میں حصہ لینے اور ۷۰ سالوں سے مسلمانوں کے ووٹ سے راج کرنے اور انہیں غلام بنائے رکھنے والوں کو سبق سکھانے اور قوم کوباوقار بنانے کی گزارش کی ہے۔
طلحہ رشادی نے مزید بتایا کہ زیادہ تر صدور کو خط ارسال کر دی گئی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ مثبت رویہ اور قوم و ملت کے بہتر مستقبل اور مسلم قیادت کو مضبوط اور اپنے وجود کو مستحکم بنانے کے لئے ان شاء اللہ سبھی پارٹیوں کے صدور مولانا کی اس کوشش کو سراہیں گے اور ایک بہتر لائحہ عمل تیار کرنے پر آمادہ ہونے کے ساتھ ہی ملت کے انتشار کو باہمی اتحاد میں بدلنے پر غور ضرور کریں گے۔