اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: جن تقریبات میں نبی کی سنت و شریعت کا جنازہ نکالا جاتا ہو اس میں شریک ہونا جائز نہیں، مولانا سید انظر شاہ قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday 31 August 2019

جن تقریبات میں نبی کی سنت و شریعت کا جنازہ نکالا جاتا ہو اس میں شریک ہونا جائز نہیں، مولانا سید انظر شاہ قاسمی

بنگلور، 31؍ اگست (محمد فرقان): آج کل ہمارے معاشرے میں شادی بیاہ ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔جس شریعت نے شادی کو بہت آسان کیا تھا آج اسی شریعت کے ماننے والوں نے شادی کی تقریبات میں ایسے رسومات کو داخل کردیا ہے کہ جسکا اندازہ بھی کوئی نہیں لگا سکتا۔اور ان مغربی رسومات نے وہ شدت اختیار کرلی ہے کہ ایک عام غریب مسلمان شادی بیاہ کا نام سنتے ہی بڑی سوچ و فکر میں مبتلا ہوجاتا ہے۔جس مذہب میں نکاح کو آسان اور زنا کو مشکل بنایا گیا تھا آج اسی مذہب کے ماننے والوں نے شادی میں ایسے رسومات و خرافات کا ایجاد کیا کہ نکاح مشکل سے مشکل بنتا جارہا ہے اور زنا آسان ہوتا جارہا ہے۔جو قابل افسوس کے ساتھ قابل مذمت بھی ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ صاحب قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کی شادیوں میں فقط خطبۂ نکاح کے علاوہ کوئی کاروائی دین و شریعت کے مطابق نہیں ہوتی۔انہوں نے فرمایا کہ آج ہمارے مسلمان مغربی تہذیب سے ایسے متاثر ہوتے جارہے ہیں کہ اگر نکاح کی تصدیق کیلئے مسجد کا رجسٹر اور قاضی کی ضرورت نہ ہوتی تو یہ لوگ غیروں کی طرح سات پھیرے بھی لے لیتے۔مولانا شاہ قاسمی نے فرمایا کہ آج پوری دنیا میں ایسے کئی لوگ موجود ہیں جو دانے دانے کیلئے ترس رہے ہیں۔لیکن آج مسلمانوں کی شادیوں میں فضول خرچی، جہیز، بے پردگی عام ہوتی جارہی ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گویا کہ یہ کسی مسلمان کی شادی نہیں بلکہ زنا کا اڈہ ہو۔جو اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہاہے۔مولانا نے فرمایا کہ جن تقریبات میں نبی ؐکی سنت و شریعت کا جنازہ نکالا جاتا ہو ایسی تقریبات میں شریک ہونا بھی جائز نہیں۔شاہ ملت نے دعوے کے ساتھ فرمایا کہ فقط محفل نکاح خوانی کے علاوہ آج کل کی شادیوں کی تقریبات میں شریک ہونا قطعاً جائز نہیں۔کیونکہ ان تقریبات میں شرکت کرنا انکی حمایت اور تائید کرنے کے مانند ہے۔مولانا قاسمی نے دوٹوک کہا کہ جس شادی میں دین و شریعت کا مزاق اڑایا جاتا ہو انکی ازواجی زندگی کبھی عافیت کے ساتھ نہیں گزرا کرتی۔مولانا نے فرمایا کہ علماء کرام اور دینی حلقوں سے تعلق رکھنے والے حضرات کو چاہئے کہ ایسی شادیوں کا بائیکاٹ کریں۔کیونکہ جب نام نہاد مسلمانوں نے نکاح کو مشکل بنایا تو معاشرے میں زنا عام ہوگیا۔لہٰذانکاح کو آسان بنائیں۔جب نکاح آسان ہوجائے گا تو زنا خود بہ خود مشکل ہو جائے گا۔مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے اپیل کی کہ نکاح ایک سنت ہے اور شریعت میں کسی بھی سنت میں کچھ اضافہ یا حذف کرنے کی کسی کو قطعاً اجازت نہیں۔