اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دیوانے کے خواب اور ہماری شامت اعمال!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Friday 26 July 2019

دیوانے کے خواب اور ہماری شامت اعمال!

اختر سلطان اصلاحی
_______________
جب سے سوشل میڈیا کا استعمال عام ہوا ہے، ہم روزانہ اس پر کچھ نہ کچھ لکھتے پڑھتے رہتے ہیں. جو تحریریں پسند آتی ہیں اسے شئیر بھی کرتے ہیں. اس فورم کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ سیکنڈوں میں ہمارے خیالات سینکڑوں ہزاروں لوگوں کی نگاہوں میں آجاتےہیں، لائک اور کمنٹس نہ بھی آئیں تو بھی یک گونہ اطمئنان رہتا ہے کہ بہت سے لوگوں  نے ضرور پڑھا ہوگا جس طرح ہم خود  بہت سی تحریروں کو پڑھتے ہیں اور بغیر کسی تحریری رد عمل کےآگے بڑھ جاتے ہیں.
کل مصور الاسلام ندوی صاحب نے دیوانے کے خواب سے ایک اقتباس بھیجا، یہ اقتباس ہمیں بہت پسند آیا، دوسرے بہت سے مردوں کی طرح دوسری، تیسری اور چوتھی شادی کے عنوان پر گفتگو کرنا اور کچھ لکھنا ہمیں بھی بہت پسند ہے.
ویسے ہم تو اس میدان کے مرد میدان بھی رہے ہیں اس لیے ہمیں اس موضوع سے کچھ زیادہ ہی دلچسپی ہے.
خیر ہم نے مصور صاحب کی اس تحریر کو نہ صرف شوق سے پڑھا بلکہ اپنے فیس بک پر شئیر بھی کردیا.
ہماری طرح اسے جس نے بھی پڑھا اسے مزہ آیا، تحریر ہے ہی بہت دلچسپ، ابتدا میں بالکل حقیقت بیانی کا گمان ہوتا ہے. پڑھنے والا جب آخری لائن پر پہنچتا ہے تب اسے پتہ چلتا ہے کہ یہ حقیقی کہانی نہیں ہے بلکہ کسی باولے کے خواب سے ایک اقتباس ہے.
خیر اس اقتباس کو  پڑھنے والوں نے دلچسپ تبصرے کیے، کچھ لوگوں نے لکھا کہ ہم نے اسے حقیقت سمجھا، کچھ ہمیں مبارکباد دیتے دیتے رہ گئے. ایک صاحب نے لکھا کہ آخری لائن نے سارا مزہ کرکرا کر دیا. زیادہ تر احباب کو ایسا لگا کہ یہ تیسری کی تمہید ہے.کچھ نے مبارکباد بھی دے دی.

لیکن اصل مزہ تو اس وقت آیا جب صبح صبح ہمارے دوست رضوان نعیمی نے شارجہ سے فون کیا اور ازراہ شکایت کہنے لگے
"اختر بھائی آپ سے ہر ہفتے بات ہوتی ہے افسوس کہ آپ نے ہوا بھی نہ لگنے دی، اب فیس بک کے ذریعہ یہ راز فاش ہوا کہ ماشاء اللہ تیسری بھابھی براجمان ہو چکی ہیں،،یہاں تو حلقہ احباب میں آپ موضوع گفتگو بنے ہوے ہیں.،،
بڑی محنت سے رضوان صاحب کو اصل صورت حال سے واقفیت بہم پہنچائی.

صبح واٹس آپ کھولا تو ہمارے بھتیجے عمر سلمہ کا ایک پیغام نظر سے گزرا.

"چچا خیریت ہے؟ گھر  میں تو کسی کو کوئی خبر نہیں ہے مگر سعودی میں بہت ہل چل ہے.،،
ہمارا یہ بھتیجہ کچھ زیادہ ہی  سادہ اور بھولا بھالا ہے. ہم نے باور کیا کہ شائد یہ سعودی کی سیاسی صورتحال کے بارے میں کچھ بتانا چاہتا ہے.
ہم نے اسے جوابا ایک نصیحت آموز پیغام بھیجا کہ اپنے کام سے کام رکھو، سعودی کے سیاسی حالات کی فکر نہ کرو، وہاں کے حالات سے تمام لوگ واقف ہیں.تم کو اپنی ملازمت پر توجہ دینی چاہیے.،،
تھوڑی دیر بعد اس کا آڈیو پیغام آیا کہ چچا آپ سمجھ نہیں سکے، کل مولوی اصغر صاحب کے لڑکے کا فون آیا تھا، اس نے خبردی کہ تمہارے چچا نے تیسری شادی کر لی ہے اور اسے دلچسپ انداز سے فیس بک پر بھی لکھا ہے.،،
اب ہمیں مسئلے کی سنگینی کا اندازہ ہوا، ڈر لگا کہ کہیں کسی نے بیگم کو اس موضوع پر کوئی فون کردیا تو ہماری خیر نہیں، ویسے بھی آج آکولہ کے لیے سفر کی تیاری تھی، کئی جوڑے اچھے کپڑے بیگ میں پریس کر کے  رکھے جا چکے تھے، خبر ہونے کی صورت میں بیگ بھی  ضبط ہونے کا امکان تھا. سفر بھی خطرے میں پڑ سکتا تھا، اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے نہ جانے کیا کیا جتن کرنے پڑ سکتے تھے. ہماری بیگم اس مسئلے میں ویسے بھی ہم پر کسی طرح کے اعتبار کی قائل نہیں ہیں.
دوپہر میں کھانے سے فارغ ہو کر بیٹھے تو ایک اور واقف کار کا فون آیا، ادھر ادھر کی بات کرتے رہے اور بار بار پوچھتے
"کوئی خاص بات تو نہیں.کوئی خاص بات تو نہیں ہے،،.
ہمیں اندازہ ہوا کہ ان صاحب کو بھی کہیں سے اڑتی پڑتی خبر ملی ہے اب کمال چترائی سے ہم سے تصدیق کی کوشش کر رہے ہیں.
گفتگو ختم کرتے کرتے کہنے لگے، "پتہ تو سب چل جاتا چاہے لاکھ کوشش کی جاے آج نہیں تو کل سہی.،،
ہم خاموش ہی رہے کہ سامنے بیگم اور بچے بیٹھے تھے.
دوپہر میں قیلولہ کے لیے جیسے ہی آنکھ بند ہوئی گاوں سے بڑے بھائی کا فون آگیا.عموما وہ صبح یا شام فون کرتے ہیں اس لیے فورا ذہن اس تحریر کی طرف گیا، سوچا کہ فون نہ اٹھاوں مگر پھر سوچا کہ نہ جانے کیا معاملہ ہو، دیکھ لینا چاہیے.
طلحہ بھائی نے سلام کے جواب کے ساتھ ہی سوال داغ دیا:
کیا معاملہ ہے، کہاں تیسری شادی کر لی ہے، یہاں تو کسی کو خبر ہی نہیں تھی، یہ تو عمران ماموں کا لڑکا ابھی موبائل لے کر آیا اور پڑھ کر سنا رہا ہے تب خبر ملی. ارے یہ اچانک کیسے؟ ادھر تو بہت دنوں سے شادی بیاہ کی کوئی بات نہ تھی، کب شادی ہوئی ہے؟،،
بھیا کی گفتگو میں حیرت اور استعجاب نمایاں تھا، وہ نہ جانے کیا کیا جاننا چاہتے تھے بہر حال ہم نے حقیقی صورتحال ان کو بتائی اور کہا خبر بالکل غلط ہے.اب تو ہم نے اپنی شادی کا خیال بھی  ذہن سے  نکال دیا ہے. ،،
چار بجے ہم گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے. بیگم کے فرشتوں کو بھی ابھی اس دلچسپ خبر کی خبر نہیں ہے. اگر خبر ہوجاتی تو ہماری دشواریوں میں تو ضرور اضافہ ہوتا مگر احباب کو کچھ اور مرچ مصالحے کی لذت مل جاتی کہ یہ موضوع ہی بہت دلچسپ ہے.